بین الاقوامی معیار کی تعلیم و عالمی سطح پر رسائی کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھا رہے ہیں، وزیراعظم

07-06-2026

(لاہور نیوز) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بیرون ملک پاکستانی سفارتخانے پاکستانی افرادی قوت کیلئے روزگار کے مواقع کی تلاش میں تیزی لے کر آئیں۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت  نوجوانوں کو روزگار مہیا کرنے کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔  وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ پروٹیکٹریٹ آف امیگریشن کے تمام تر نظام کو ڈیجیٹائیز کیا جائے، افرادی قوت بالخصوص نوجوانوں کو وزارت برائے سمندر پار مقیم پاکستانی، نیووٹیک اور یوتھ پروگرام ہنر اور مختلف زبانوں کے کورسس بمعہ سرٹیفیکیشنز یقینی بنائیں۔  انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افرادی قوت با صلاحیت ہے، بین الاقوامی معیار کی تعلیم و عالمی سطح پر رسائی کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھا رہے ہیں۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ پاکستانی سفارتخانے بیرون ملک میسر روزگار کے مواقع سے آگاہی اور ڈیٹا کی فراہمی کیلئے اقدامات تیز کریں، شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی سرٹیفیکیشنز کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے کیلئے تمام ادارے مختلف ممالک سے روابط مضبوط کرے. جن ممالک میں پاکستانی ہنرمند افراد کیلئے روزگار کے مواقع میسر ہیں، انکی زبان کی تعلیم بمعہ سرٹیفیکیشنز یقینی بنائی جائے، نیووٹیک (NAVTTC) کے تحت تکنیکی و فنی تربیت کے اداروں کی کارکردگی اور کنٹری آف ڈیسٹینیشن سینٹرز کے قیام پر بھی رپورٹ پیش کی جائے۔ اجلاس کو افرادی قوت بالخصوص نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، بتایا گیا کہ ڈیجیٹل یوتھ ہب میں 8 لاکھ نوجوان رجسٹر ہو چکے ہیں۔ بیرون ملک تعمیرات، زراعت، سیاحت، صحت، ٹرانسپورٹ، بائیوٹیکنالوجی، مینیوفیکچرنگ، شپ بلنڈنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، نرسنگ، دواسازی اور اشیاء خورونوش کی تیاری کے شعبوں میں روزگار کے مواقع موجود ہیں۔