اداکارہ مومنہ اقبال کی بہن کیخلاف مقدمہ درج کرنے کے عدالتی احکامات عارضی معطل

07-06-2026

(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے اداکارہ مومنہ اقبال کی بہن رمشا اقبال کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے جسٹس آف پیس کے احکامات پر عملدرآمد عارضی طور پر روک دیا۔

 جسٹس عبہر گل نے رمشا اقبال کی درخواست پر تحریری حکم جاری کرتے ہوئے متعلقہ پولیس اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیے اور 14 ستمبر تک جواب طلب کر لیا۔ تحریری حکم کے مطابق جسٹس آف پیس نے 30 جون کو درخواست گزار رمشا اقبال کے خلاف تھانہ بھوانہ میں مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا تھا، جسے رمشا اقبال نے لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔ سماعت کے دوران درخواست گزار کی جانب سے عدنان احسان ایڈووکیٹ نے دلائل پیش کیے، جس کے بعد عدالت نے جسٹس آف پیس کے حکم پر آئندہ سماعت تک عملدرآمد روکنے کا حکم جاری کرتے ہوئے متعلقہ فریقین سے جواب طلب کر لیا۔