ستمبر سے شاپنگ بیگز پر اضافی رقم لینا ممنوع قرار
07-06-2026
(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے سنگل یوز پلاسٹک کے خاتمے کی مہم کے تحت ایک اور اہم اقدام کرتے ہوئے 6 ستمبر 2026ء کے بعد صوبے بھر میں پلاسٹک شاپنگ بیگز پر صارفین سے اضافی رقم وصول کرنے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل ادارہ تحفظ ماحول پنجاب ڈاکٹر عمران حامد شیخ کے مطابق مقررہ تاریخ کے بعد کوئی بھی کاروباری ادارہ یا دکاندار پلاسٹک شاپنگ بیگ کے عوض صارفین سے اضافی رقم وصول نہیں کر سکے گا، اگر کسی مقام پر پلاسٹک بیگ کے نام پر اضافی چارجز وصول کئے جائیں تو شہری 1373 پر کال کر کے شکایت درج کرا سکتے ہیں۔ ڈی جی ای پی اے کے مطابق خلاف ورزی کی صورت میں 5 ہزار سے 50 ہزار روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے، جبکہ سنگین خلاف ورزی پر کاروبار سیل کرنے اور ایف آئی آر درج کرنے کی کارروائی بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔ ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے واضح کیا کہ کپڑے یا دیگر ماحول دوست میٹریل سے تیار کردہ بیگز پر اضافی رقم وصول کی جا سکتی ہے، تاہم پلاسٹک شاپنگ بیگز کو بطور الگ پراڈکٹ فروخت کرنے یا ان پر منافع کمانے کی اجازت نہیں ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ بعض کاروباری ادارے اپنی برانڈنگ کے ساتھ پلاسٹک بیگز صارفین کو فروخت کرتے ہیں اور ان پر اضافی منافع بھی وصول کرتے ہیں، جس کی حوصلہ شکنی کیلئے یہ اقدام کیا گیا ہے، اس فیصلے کا مقصد سنگل یوز پلاسٹک کے استعمال میں کمی لانا، ماحول کا تحفظ یقینی بنانا اور شہریوں میں ماحول دوست متبادل کے استعمال کو فروغ دینا ہے۔