پینک بٹن نہ لگوانے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے خلاف کریک ڈاؤن میں توسیع

07-06-2026

(لاہور نیوز) پبلک ٹرانسپورٹ، رکشوں اور آن لائن کیب سروسز میں کیو آر پینک بٹن کی تنصیب نہ کرانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں توسیع کر دی گئی۔

چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور  نے تمام رکشہ یونینز، آن لائن کیب سروسز اور پبلک ٹرانسپورٹ آپریٹرز کو 10 جولائی تک کی مہلت دے دی ہے۔ سی ٹی او لاہور کے مطابق 10 جولائی کے بعد ان تمام گاڑیوں کے خلاف باقاعدہ کریک ڈاؤن کیا جائے گا جن میں QR پینک بٹن نصب نہیں ہو گا، لاہور ٹریفک پولیس اب تک 12 ہزار سے زائد آن لائن کیبز اور رکشوں میں QR پینک بٹن نصب کر چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شہر کے 45 ٹریفک سیکٹرز میں خصوصی ٹیمیں QR پینک بٹن نصب کر رہی ہیں، جبکہ رکشوں کیلئے 12 علیحدہ ٹیمیں بھی مختص کی گئی ہیں تاکہ یہ عمل جلد از جلد مکمل کیا جا سکے۔ سی ٹی او سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق عوامی تحفظ اور قانونی تقاضوں کو یقینی بنانے کیلئے آن لائن کیب سروسز اور رکشوں میں جدید سیفٹی فیچرز کی تنصیب ناگزیر ہے، رکشہ یونینز کے مطالبے پر مزید 4 نئے لائسنس سینٹرز بھی قائم کر دیئے گئے ہیں تاکہ ڈرائیورز کو سہولت فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ QR پینک بٹن کی تنصیب کے حوالے سے آن لائن ٹیکسی کمپنیوں اور رکشہ یونینز کے نمائندوں سے متعدد اجلاس بھی منعقد کئے گئے ہیں، تاہم اب حفاظتی اور سکیورٹی فیچرز پر عمل درآمد نہ کرنے والی آن لائن کیب سروسز کے خلاف کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔ سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ آن لائن کیبز میں جدید ٹریکنگ سسٹم اور QR پینک بٹن کی تنصیب سے مسافروں اور ڈرائیورز کی مانیٹرنگ مزید مؤثر ہو گی، جبکہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے شہریوں کو محفوظ، بااعتماد اور معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ٹریفک نظم و ضبط اور شہری تحفظ میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔