پی سی بی نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جدید ٹرو مین 3 بولنگ مشین نصب کر دی

07-06-2026

(لاہور نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کی تربیت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جدید ٹرو مین 3 بولنگ مشین نصب کر دی۔

یہ جدید مشین بیٹرز کو میچ جیسی صورتحال میں پریکٹس کا موقع فراہم کرے گی، جس سے ان کی تکنیکی صلاحیتوں میں مزید بہتری آئے گی، جدید بولنگ مشین کے فرنٹ سکرین پر بولر کی ہائی کنٹراسٹ ایل ای ڈی اینیمیشن دکھائی دیتی ہے، جس کے ذریعے بیٹرز بولر کے ایکشن، ریلیز پوائنٹ اور ٹائمنگ کو بہتر انداز میں سمجھ سکیں گے، مشین میں لائن، لینتھ، رفتار، سوئنگ اور گیند کی اونچائی کو بھی ضرورت کے مطابق ایڈجسٹ کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ کوچز اور کھلاڑی انفرادی گیندیں، مکمل اوورز اور سپیلز محفوظ کر سکتے ہیں، جنہیں بعد میں میچ جیسی صورتحال پیدا کرنے کیلئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ ٹرو مین 3 جدید ترین ٹیکنالوجی ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ اسے استعمال کرنے والا دنیا کا پہلا کرکٹ بورڈ بن گیا ہے، روایتی بولنگ مشینز میں بیٹرز کیلئے ریلیز پوائنٹ کو سمجھنا مشکل ہوتا ہے، جبکہ اس نئی مشین میں بولر کی ویڈیو اور ایکشن دیکھ کر کھلاڑی اپنی تیاری کو زیادہ مؤثر بنا سکتے ہیں۔ سلمان علی آغا نے کہا کہ یہ مشین جدید کرکٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ تیاری میں اہم کردار ادا کرے گی، گیند بولر کے ایکشن کے ساتھ آتی ہے، اس لئے بیٹرز کو میچ جیسی ٹائمنگ برقرار رکھنا پڑتی ہے، جس سے حقیقی مقابلے کی بہتر مشق ممکن ہوتی ہے، مستقبل میں یہ جدید ٹیکنالوجی پاکستانی بیٹرز کی کارکردگی میں نمایاں بہتری لانے میں مددگار ثابت ہو گی۔