وفاقی آئینی عدالت میں زیر التوا مقدمات کی تعداد 22 ہزار سے تجاوز کر گئی
07-05-2026
(لاہور نیوز) وفاقی آئینی عدالت میں زیر التوا مقدمات کی تعداد بڑھ کر 22 ہزار 632 تک پہنچ گئی تاہم قیام سے اب تک 5 ہزار 52 مقدمات نمٹائے جا چکے ہیں۔
دستاویزات کے مطابق نومبر 2025 میں سپریم کورٹ سے 21 ہزار 886 مقدمات آئینی عدالت کو منتقل کیے گئے تھے۔ گزشتہ چھ ماہ کے دوران عدالت میں 4 ہزار 467 نئے مقدمات دائر ہوئے، جبکہ قیام سے اب تک 5 ہزار 52 مقدمات نمٹائے جا چکے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق رواں سال فروری 2026 میں 681 نئے مقدمات دائر ہوئے، جبکہ 319 مقدمات کا فیصلہ کیا گیا۔ مارچ 2026 میں 420 نئے مقدمات درج ہوئے اور 397 نمٹائے گئے، اسی طرح اپریل 2026 میں 775 مقدمات دائر ہوئے، جبکہ 747 مقدمات کا فیصلہ کیا گیا۔ مئی 2026 میں 662 نئے کیسز درج ہوئے اور 839 مقدمات نمٹائے گئے، جبکہ جون 2026 کے دوران 697 نئے مقدمات دائر ہوئے اور 478 مقدمات کا فیصلہ کیا جا سکا، اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ نئے مقدمات کے اندراج کے ساتھ ساتھ ان کے فیصلے بھی کیے جا رہے ہیں، تاہم زیر التوا مقدمات کی مجموعی تعداد اب بھی 22 ہزار سے زائد ہے۔