سوا دو لاکھ سے زائد افراد کی آن لائن حج رجسٹریشن

07-05-2026

(لاہور نیوز) ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کے تحت دو ہفتوں کے دوران سوا دو لاکھ سے زائد افراد نے آن لائن حج رجسٹریشن مکمل کر لی۔

  وزارت مذہبی امور کے مطابق حج 2027 سے 2030 تک کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا عمل تاحال جاری ہے۔ پہلے 14 روز کے دوران 2 لاکھ 32 ہزار سے زائد عازمین نے گھر بیٹھے پاک حج ایپ اور آن لائن پورٹل کے ذریعے چند منٹوں میں اپنی رجسٹریشن مکمل کی۔ حکام کے مطابق نیشنل آئی ٹی بورڈ کی تیار کردہ پاک حج ایپ اور آن لائن پورٹل نے حج رجسٹریشن کے عمل کو آسان اور تیز بنا دیا ہے، اعداد و شمار کے مطابق ایک لاکھ 75 ہزار سے زائد عازمین نے سرکاری حج اسکیم، جبکہ 58 ہزار سے زائد افراد نے نجی حج اسکیم کا انتخاب کیا۔ صوبوں کے لحاظ سے پنجاب سے ایک لاکھ 8 ہزار، سندھ سے 71 ہزار، خیبر پختونخوا سے 33 ہزار عازمین نے رجسٹریشن کرائی، جبکہ رجسٹرڈ عازمین میں ایک لاکھ 36 ہزار مرد اور 96 ہزار خواتین شامل ہیں۔ وزارت مذہبی امور نے بتایا ہے کہ نئی ہدایات جاری ہونے تک حج 2027 تا 2030 کے لیے آن لائن رجسٹریشن بلا تعطل جاری رہے گی۔ وزارت نے خواہشمند عازمین کو مشورہ دیا ہے کہ کسی بھی ممکنہ رش سے بچنے کے لیے جلد از جلد اپنی آن لائن رجسٹریشن مکمل کر لیں۔