مومنہ اقبال کا ایم پی اے کی عبوری ضمانت میں توسیع پر سخت ردِعمل
07-05-2026
(ویب ڈیسک) پاکستانی اداکارہ مومنہ اقبال نے ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ کی عبوری قبل از گرفتاری ضمانت میں ایک بار پھر توسیع کے بعد قانونی کارروائی پر سوالات اٹھا دیے۔
لاہور کی سیشن عدالت نے جمعرات کو کیس کی سماعت کے دوران ایم پی اے ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ کی عبوری ضمانت میں 13 جولائی تک توسیع کرتے ہوئے دونوں کو تحقیقات میں شامل ہونے کی ہدایت کی، جبکہ استغاثہ سے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ بھی طلب کر لی۔ عدالتی کارروائی کے بعد مومنہ اقبال نے انسٹاگرام سٹوری میں کسی کا نام لیے بغیر لکھا کہ مجھے پہلے لگتا تھا کہ اثر و رسوخ صرف بھوانہ تک محدود ہے، تاہم اب محسوس ہوتا ہے کہ ایک ایم پی اے ہونے کا پورا فائدہ اٹھایا جا رہا ہے۔ اداکارہ نے کہا کہ میرے نمائندوں کو متعدد بار ہراساں کیا گیا، ان کا تعاقب کیا گیا اور انہیں مختلف طریقوں سے دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ کیا عام شہریوں کے مقدمات بھی اسی طرح چلتے ہیں یا صرف بااثر افراد کو بار بار تاریخیں ملتی ہیں۔ یہ معاملہ مئی میں اس وقت سامنے آیا تھا جب مومنہ اقبال نے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں ایک رکنِ صوبائی اسمبلی کی جانب سے طویل عرصے سے آن لائن ہراسانی، سائبر بُلنگ اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کا سامنا ہے۔ بعد ازاں انہوں نے درخواست میں ثاقب چدھڑ کا نام لیتے ہوئے الزام لگایا کہ انہوں نے شادی کی پیشکش مسترد ہونے پر مجھے اور میرے منگیتر کو دھمکیاں دیں، جبکہ میری بہن کو بھی دھمکی آمیز پیغامات بھیجے گئے۔ اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی خبردار کیا تھا کہ اس مقدمے میں سیاسی اثر و رسوخ استعمال کرنے یا کسی کو دھمکانے کی کوشش برداشت نہیں کی جائے گی۔ یاد رہے کہ 4 جون کو این سی سی آئی اے نے ثاقب چدھڑ کے خلاف سائبر کرائم اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا، جبکہ انہیں 5 جون کو عبوری قبل از گرفتاری ضمانت مل گئی تھی، جس میں بعد ازاں متعدد بار توسیع کی جا چکی ہے۔