لاہور سمیت پنجاب بھر کے گرجا گھروں میں سکیورٹی ہائی الرٹ
07-05-2026
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر میں گرجا گھروں میں منعقد ہونے والے مسیحی عباداتی اور دعائیہ پروگراموں کے موقع پر سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔
انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب نے تمام آر پی اوز، ڈی پی اوز اور سینئر پولیس افسران کو فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ سپروائزری افسران خود گرجا گھروں اور دیگر حساس مقامات کا دورہ کرکے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیں، جبکہ حساس گرجا گھروں پر پولیس کی اضافی نفری کے ساتھ سنائپرز بھی تعینات کیے جائیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ڈولفن سکواڈ، پولیس ریسپانس یونٹ (پی آر یو) اور ایلیٹ فورس کی ٹیمیں گرجا گھروں اور مسیحی آبادیوں کے اطراف مسلسل اور مؤثر گشت جاری رکھیں۔ سکیورٹی پر تعینات تمام افسران اور اہلکار ہر وقت چوکس رہیں اور مشتبہ سرگرمیوں یا شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں۔ آئی جی پنجاب نے مزید ہدایت کی کہ گرجا گھروں اور مسیحی آبادیوں کے گرد چبلا تعطل جاری رکھے جائیں، جبکہ داخلی اور خارجی راستوں پر بھی چیکنگ کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ علما کرام، مسیحی برادری، امن کمیٹیوں کے اراکین اور مقامی نمائندے باہمی تعاون کے ذریعے بین المذاہب ہم آہنگی، مذہبی رواداری اور امن و امان کے فروغ میں اپنا مثبت کردار ادا کریں تاکہ عباداتی اجتماعات پرامن ماحول میں منعقد ہو سکیں۔