لاہور کے آسمان پر بادلوں کا ڈیرہ، آج بادل برسنے کا امکان

07-05-2026

(لاہور نیوز) شہر میں آج مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے اور مختلف علاقوں میں بارش ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث موسم میں مزید بہتری آنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سورج کی تیز دھوپ نہ ہونے سے گرمی کی شدت میں نسبتاً کمی محسوس کی جا رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دن کے دوران درجہ حرارت 31 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 61 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ ہوا 8 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے، جس سے موسم قدرے خوشگوار محسوس کیا جا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ ہفتے کے دوران بھی لاہور میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان برقرار رہے گا، جس سے گرمی کی شدت میں مزید کمی اور موسم خوشگوار رہنے کی توقع ہے۔ تاہم شہریوں کو ممکنہ بارش کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور موسم کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔