لاہورمیں تقریباً 3 ہزار 500 نجی سکولوں کو بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ لینا ہوگا
07-04-2026
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت میں نجی سکولوں کی عمارتوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے تمام پرائیویٹ سکولوں کے لیے بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دینے کی تجویز دے دی گئی ہے۔
تجویز کے مطابق بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر کسی بھی نجی سکول کی رجسٹریشن یا اس کی تجدید نہیں کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق لاہور میں تقریباً 3 ہزار 500 نجی سکولوں کو بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ہوگا، جبکہ کرائے کی اور رہائشی عمارتوں میں قائم نجی سکولوں کی خصوصی جانچ بھی کی جائے گی۔ تجویز میں نجی سکولوں کی عمارتوں کا مکمل اسٹرکچرل سیفٹی آڈٹ کرانے اور حفاظتی جانچ کے لیے تھرڈ پارٹی انجینئرنگ کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ اس مقصد کے لیے عمارتوں کا معائنہ ڈسٹرکٹو اور نان ڈسٹرکٹو ٹیسٹنگ کے ذریعے کیا جائے گا تاکہ عمارتوں کی مضبوطی اور حفاظتی معیار کا درست اندازہ لگایا جا سکے۔ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو پنجاب بھر میں بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹس کے اجرا کے لیے ایک جامع نظام تشکیل دینے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔ سفارشات میں کہا گیا ہے کہ تھرڈ پارٹی جانچ سے شفافیت، تکنیکی معیار اور بروقت کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے گا، جبکہ غیر محفوظ عمارتوں میں قائم تعلیمی اداروں کی نشاندہی کر کے طلبہ کی جان و مال کا تحفظ ممکن بنایا جائے گا۔