مالی سال 2024-25: لیسکو کی آپریشنل کارکردگی میں نمایاں بہتری

07-04-2026

(لاہور نیوز) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے مالی سال 2024-25 کے دوران آپریشنل کارکردگی میں نمایاں بہتری حاصل کر لی۔

ترجمان لیسکو کے مطابق مؤثر حکمت عملی، مالیاتی نظم و ضبط اور شفاف اقدامات کے نتیجے میں ادارے کو 36.070 ارب روپے کا مجموعی مالی فائدہ حاصل ہوا، کمپنی مالیاتی نظم و ضبط، شفافیت اور بہتر کارکردگی کے فروغ کیلئے عملی اقدامات پر گامزن ہے، ان اقدامات کے نتیجے میں ٹرانسمیشن اینڈ ڈسٹری بیوشن (ٹی اینڈ ڈی) نقصانات 15.8 فیصد سے کم ہو کر 13.4 فیصد رہ گئے، جس سے 23.963 ارب روپے کا مالی فائدہ حاصل ہوا۔ ترجمان  نے بتایا کہ ریکوری کی شرح میں بھی نمایاں بہتری آئی ہے، جہاں پروگریسو ریکوری 98.5 فیصد سے بڑھ کر 99.7 فیصد جبکہ حقیقی ریکوری 101.3 فیصد تک پہنچ گئی، ریکوری میں اس بہتری کے باعث ادارے کو مزید 12.107 ارب روپے کا مثبت مالی اثر حاصل ہوا۔ لیسکو کے مطابق لائن لاسز میں کمی اور ریکوری میں اضافے سمیت مجموعی آپریشنل اقدامات کے نتیجے میں مالی سال 2024-25 کے دوران مجموعی طور پر 36.070 ارب روپے کا مالی فائدہ حاصل کیا گیا، جو ادارے کی مؤثر حکمت عملی کا مظہر ہے۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے کہا کہ کمپنی مالیاتی استحکام، لائن لاسز میں مزید کمی، ریکوری میں اضافے اور صارفین کو معیاری بجلی کی فراہمی کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔