نمبر پلیٹس سے چھیڑ چھاڑ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 72 مقدمات درج
07-04-2026
(لاہور نیوز) لاہور ٹریفک پولیس نے ای چالان سے بچنے اور گاڑیوں کی شناخت چھپانے کیلئے نمبر پلیٹس میں ردوبدل کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق ماہ جون کے دوران 21 ہزار سے زائد گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ جعلی اور بوگس نمبر پلیٹس استعمال کرنے پر 72 مقدمات درج کئے گئے ہیں، جن میں دھوکہ دہی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں، بعض قانون شکن عناصر اپنی شناخت چھپانے اور ای چالان سے بچنے کیلئے جعلی نمبر پلیٹس استعمال کرتے ہیں، جن کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق بغیر نمبر پلیٹ یا "اپلائیڈ فار" گاڑی چلانے پر 9 ہزار 434، فینسی یا غیر نمونہ نمبر پلیٹس استعمال کرنے پر 5 ہزار 723، جبکہ نمبر پلیٹس کو ٹیڑھا کرنے یا ماڈل اور شناخت چھپانے پر 5 ہزار 552 گاڑیوں کے چالان کئے گئے۔ سی ٹی او سید عبدالرحیم شیرازی نے بتایا کہ بغیر نمبر پلیٹ کار چلانے پر 3 سے 5 ہزار روپے جبکہ موٹرسائیکل پر ایک ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جاتا ہے، انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ گاڑی کی منتقلی کے بعد پرانے نمبر کی بجائے نیا یونیورسل رجسٹریشن نمبر استعمال کریں اور صرف محکمہ ایکسائز کے منظور شدہ نمونے کی نمبر پلیٹس لگائیں۔