لاہور ہائیکورٹ میں موسم گرما کی تعطیلات کے پہلے ہفتے کا ججز روسٹر جاری
07-04-2026
(لاہور نیوز) لاہور ہائی کورٹ میں موسم گرما کی تعطیلات کے پہلے ہفتے کا ججز روسٹر جاری کر دیا گیا۔
چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ عالیہ نیلم کی منظوری سے ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل نے روسٹر جاری کیا ہے۔ لاہور ہائی کورٹ میں پرنسپل سیٹ پر پہلے ہفتے میں 6 ڈویژن بینچ اپیلوں پر سماعت کریں گے جبکہ 23 ججز بطور سنگل بینچ کیسوں کی سماعت کریں گے۔ موسم گرما کی تعطیلات کے پہلے ہفتے کے ججز روسٹر کا اطلاق 6 جولائی سے ہو گا۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ تمام نوعیت کی اپیلوں پر سماعت کرے گا، جسٹس شہباز رضوی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ تمام نوعیت کی کریمنل اپیلوں پر سماعت کرے گا۔ جسٹس فیصل زمان کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ تمام نوعیت کی سول اپیلوں پر سماعت کرے گا اور جسٹس احمد ندیم ارشد کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ تمام نوعیت کی سول اپیلوں پر سماعت کرے گا۔ اس کے علاوہ جسٹس محمد طارق ندیم کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ تمام نوعیت کی کریمنل اپیلوں پر اور جسٹس ملک اویس خالد کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ تمام نوعیت کی سول اپیلوں پر سماعت کرے گا۔