اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کا دائرہ کار وسیع کرنے کا فیصلہ
07-04-2026
(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے "اپنی چھت اپنا گھر" پروگرام کے تحت نئے گھروں کی تعمیر کے ساتھ خستہ حال مکانات کی مرمت اور بحالی کو بھی شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ فیصلہ وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین کی زیر صدارت ہونے والے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا، جس میں صدر بینک آف پنجاب ظفر مسعود، سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل اور ڈی جی پھاٹا سکندر ذیشان نے پروگرام کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دی۔ بلال یاسین نے بتایا کہ سکیم کے تحت گھر کی مرمت، نئے پورشن کی تعمیر یا چھت ڈالنے کیلئے 5 لاکھ سے 10 لاکھ روپے تک کے بلاسود قرضے ای پورٹل کے ذریعے شفاف اور آسان طریقہ کار کے تحت فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ "اپنی چھت اپنا گھر" پروگرام کے تحت اب تک ایک لاکھ 70 ہزار خاندانوں کو بلاسود قرضے جاری کئے جا چکے ہیں، جبکہ آئندہ مالی سال میں مزید ایک لاکھ خاندانوں کو گھر بنانے کیلئے بلاسود قرضے فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ وزیر ہاؤسنگ کے مطابق اس اقدام کا مقصد کم آمدن والے، بے گھر اور خستہ حال یا کچے مکانات میں رہنے والے مستحق خاندانوں کو محفوظ، باوقار اور بہتر رہائش فراہم کرنا ہے، پروگرام سے شہری اور دیہی دونوں علاقوں کے مستحق افراد مستفید ہوں گے۔ بلال یاسین کا کہنا تھا کہ اس سکیم سے نہ صرف تعمیراتی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا بلکہ روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا، انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ سکیم پر تیز رفتار، مؤثر اور شفاف انداز میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق خاندان اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔