گلبرگ سے 16 سالہ لڑکا اغوا، تین دن گزر گئے، سراغ نہ مل سکا
07-04-2026
(لاہور نیوز) گلبرگ کے علاقے سے 16 سالہ اسد کے مبینہ اغوا کا مقدمہ درج کر لیا گیا، جبکہ واقعہ کو 72 گھنٹے گزرنے کے باوجود مغوی کا سراغ نہیں لگایا جا سکا۔
ایف آئی آر کے مطابق مقدمہ مغوی کے چچا عدیل کی مدعیت میں گلبرگ پولیس نے درج کیا۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 16 سالہ اسد الحفیظ ہائٹس میں قائم ایک کال سنٹر میں ملازمت کرتا ہے۔ یکم تاریخ کو وہ قریبی ریسٹورنٹ سے کھانا لینے گیا، تاہم واپس نہ آیا۔ ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ اسد کو شام 5 بج کر 15 منٹ پر نامعلوم افراد نے مبینہ طور پر اغوا کیا، جس کے بعد سے وہ لاپتا ہے۔ دوسری جانب مغوی کے چچا عدیل کا کہنا ہے کہ واقعہ کو 72 گھنٹے گزر چکے ہیں، تاہم سی سی ڈی اور انویسٹی گیشن ونگ اب تک اسد کا سراغ لگانے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ ان کا الزام ہے کہ پولیس بازیابی کے لیے مؤثراقدامات نہیں کر رہی اور تاحال علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل نہیں کی گئی۔ پولیس کے مطابق واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، جبکہ مغوی کی تلاش کے لیے مختلف پہلوؤں سے کارروائی جاری ہے۔