ایم ٹیگ کے بغیر 50 فیصد اضافی ٹول ٹیکس کی وصولی معطل

07-04-2026

(لاہور نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے موٹرویز پر ایم ٹیگ نہ ہونے یا کم بیلنس کی صورت میں 50 فیصد اضافی ٹول ٹیکس وصول کرنے سے متعلق نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کا 30 مئی 2025 کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔

جسٹس ارباب محمد طاہر  نے درخواست پر سماعت کے بعد دو صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے این ایچ اے کو آئندہ حکم تک اضافی ٹول ٹیکس وصول کرنے سے روک دیا۔ یہ درخواست ایڈووکیٹ جلال حیدر کی جانب سے دائر کی گئی تھی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ایم ٹیگ نہ ہونے یا کم بیلنس کی بنیاد پر 50 فیصد اضافی ٹول ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے، حالانکہ این ایچ اے کو قانون کے تحت اس کی اجازت حاصل نہیں۔ عدالت نے این ایچ اے سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تین اگست تک تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ درخواست پر مزید سماعت تک نیشنل ہائی وے اتھارٹی اضافی ٹول ٹیکس وصول نہیں کرے گی۔