غیر رجسٹرڈ نجی سکولوں اور اکیڈمیوں کیخلاف کریک ڈاؤن، 744 اداروں کو نوٹس
07-04-2026
(لاہور نیوز) صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی ہدایت پر غیر رجسٹرڈ نجی سکولوں اور اکیڈمیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا گیا ہے، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے پہلے ہی روز 744 نجی تعلیمی اداروں کو رجسٹریشن نہ ہونے پر نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
وزیر تعلیم کا کہنا ہے کہ طلبہ کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس لیے رجسٹریشن کے بغیر کسی بھی نجی سکول یا اکیڈمی کو کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پہلے طلبہ کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا، اس کے بعد ہی تعلیمی سرگرمیوں کی اجازت ہوگی۔ نوٹسز کے مطابق تمام غیر رجسٹرڈ سکولوں اور اکیڈمیوں کو تین روز کے اندر اپنی رجسٹریشن مکمل کرانے کی حتمی مہلت دی گئی ہے۔ وزیر تعلیم نے خبردار کیا کہ مقررہ مدت میں رجسٹریشن نہ کرانے والے اداروں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ رانا سکندر حیات نے کہا کہ پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز آرڈیننس 1984 کے تحت ہر نجی تعلیمی ادارے کی رجسٹریشن لازمی ہے اور رجسٹریشن کے بغیر ادارہ چلانا قانوناً جرم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خلاف ورزی کی صورت میں تین لاکھ سے 40 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔ وزیر تعلیم کے مطابق ایجوکیشن اتھارٹی کے ریکارڈ میں اب بھی سینکڑوں نجی تعلیمی ادارے غیر رجسٹرڈ ہیں۔ انہوں نے تمام ایسے اداروں کو فوری طور پر رجسٹریشن کے لیے درخواستیں جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کو احکامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے اور کارروائی مکمل ہونے کے بعد تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کی بھی ہدایت کی ہے۔ وزیر تعلیم نے مزید اعلان کیا کہ تمام نجی تعلیمی اداروں کے لیے بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ بھی لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر کسی سکول یا اکیڈمی کو کھولنے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ ایجوکیشن اتھارٹیز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام اداروں میں اس شرط پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔