بادامی باغ، 25 لاکھ روپے مالیت کی چوری میں ملوث میاں بیوی گرفتار

07-04-2026

(لاہور نیوز) بادامی باغ پولیس نے تین روز قبل ایک گھر میں ہونے والی لاکھوں روپے مالیت کی چوری کا سراغ لگا کر مبینہ طور پر ملوث میاں بیوی کو گرفتار کر لیا۔

ایس پی سٹی عاطف امیر کے مطابق ملزمان گھر والوں کی غیر موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گھروں میں داخل ہوتے اور واردات کے بعد فرار ہو جاتے تھے، گرفتار ملزمان ریکارڈ یافتہ ہیں اور اس مہارت سے گھروں میں داخل ہوتے تھے کہ کسی کو ان پر شک بھی نہیں ہوتا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزمان  نے ایک گھر سے تقریباً 25 لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات، نقد رقم اور پرائز بانڈز چوری کئے تھے، واقعے کا مقدمہ درج کرنے کے بعد بادامی باغ پولیس  نے جدید ٹیکنالوجی، سی سی ٹی وی کیمروں اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ایس پی سٹی کے مطابق گرفتار ملزمان میں عامر اور اس کی اہلیہ شامل ہیں، ان کے قبضے سے طلائی زیورات، نقد رقم اور ایک موبائل فون بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ پولیس  نے ملزمان کو مزید تفتیش کیلئے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا ہے، جبکہ اس امر کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے کہ آیا وہ دیگر وارداتوں میں بھی ملوث رہے ہیں یا نہیں۔