پنجاب میں منظور شدہ نقشوں کے بغیر تعمیرات برداشت نہیں کی جائیں گی: بلال یاسین
07-03-2026
(لاہور نیوز) وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ پنجاب بلال یاسین کی زیرِ صدارت محکمہ ہاؤسنگ کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے بھر میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف جاری کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلال یاسین نے ہدایت کی کہ منظور شدہ نقشوں کے بغیر کسی بھی قسم کی تعمیرات ہرگز برداشت نہیں کی جائیں گی۔ انہوں نے محکمہ ہاؤسنگ اور تمام ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کو غیر قانونی تعمیرات، غیر قانونی کمرشلائزیشن اور رہائشی علاقوں میں قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کا حکم دیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ تمام تعمیراتی منصوبوں میں متعلقہ قوانین اور بلڈنگ بائی لاز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے نقشوں کی منظوری کے عمل کو شفاف، تیز رفتار اور آن لائن نظام کے ذریعے مزید مؤثر بنانے پر بھی زور دیا۔ بلال یاسین نے واضح کیا کہ غیر قانونی تعمیرات میں ملوث عناصر اور ان کی سہولت کاری کرنے والے اہلکاروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی عمارتیں عوامی جان و مال کے لیے سنگین خطرہ ہیں، اس لیے حفاظتی اقدامات کو مزید سخت کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ نقشے کی باقاعدہ منظوری کے بغیر تعمیرات سے گریز کریں اور قانونی طریقہ کار پر عمل کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی انسانی جان کی کوئی قیمت نہیں، اس لیے ممکنہ حادثات کی روک تھام کے لیے پوری دیانت داری اور ذمہ داری کے ساتھ کام کیا جائے۔ صوبائی وزیر نے مزید ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے فوری ازالے اور غیر قانونی تعمیرات کی بروقت نشاندہی کے لیے نظام کو مزید فعال بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی بالادستی، محفوظ شہری ماحول اور منظم اربن پلاننگ حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات ہیں۔ اجلاس میں اسپیشل سیکرٹری ہاؤسنگ، ایڈیشنل سیکرٹری (ٹیکنیکل)، ایل ڈی اے اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔