باغبانپورہ سکول حادثہ ، مالکن سے تفتیش جاری، ٹیچرز رہا
07-03-2026
(لاہور نیوز) باغبانپورہ پولیس نے سکول حادثے کے سلسلے میں حراست میں لی گئی سکول کی تین خاتون ٹیچرز کو رہا کر دیا۔
پولیس کے مطابق آپریشن ونگ نے سکول کی مالکن نازیہ رضوان کو مقدمہ درج ہونے کے بعد مزید تفتیش کیلئے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا ہے، جہاں ان سے مقدمے کے مختلف پہلوؤں پر پوچھ گچھ کی جائے گی۔ دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں نامزد ٹھیکیدار اشرف تاحال مفرور ہے، جس کی گرفتاری کیلئے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے بچے کی لاش تاحال ورثا کے حوالے نہیں کی گئی، تاہم قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد لاش جلد ورثا کے سپرد کر دی جائے گی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے کی تفتیش جاری ہے اور واقعے میں غفلت کے ذمہ دار تمام افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔