جعلی سرکاری نمبر پلیٹ لگا کر آن لائن ٹیکسی چلانے والا ملزم گرفتار

07-03-2026

(لاہور نیوز) جعلی سرکاری نمبر پلیٹ لگا کر آن لائن ٹیکسی چلانے والے ملزم کو لاہور پولیس نے گرفتار کر لیا۔

ذرائع کے مطابق لاہور کے علاقے گلبرگ میں پولیس  نے پرائیویٹ گاڑی پر غیر قانونی طور پر گرین نمبر پلیٹس لگا کر آن لائن ٹیکسی چلانے والے ملزم کو پکڑ لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت روحیل کے نام سے ہوئی، جو گاڑی میں سبز سرکاری نمبر پلیٹ لگا کر اس کو آن لائن ٹیکسی کیلئے استعمال کر رہا تھا۔ ڈی ایس پی ٹریفک نے کہا کہ ملزم کے خلاف تھانہ گلبرگ میں مقدمہ درج کروا دیا گیا۔ سٹی ٹریفک پولیس آفیسر لاہور  نے کہا کہ جعل سازی کو روکنے کیلئے تمام آن لائن ٹیکسی سروسز اور رکشوں پر سی ایم QR پینک بٹن نصب کئے جارہے ہیں، پینک بٹن کی تنصیب سے عوامی تحفظ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون سے بچنے کیلئے شناخت چھپانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔