چینی شینڈونگ گروپ کی پاکستان کے توانائی شعبے میں بڑی سرمایہ کاری کی پیشکش

07-02-2026

(لاہورنیوز) وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سے چین کے شینڈونگ گروپ کے چیئرمین ہاؤ جیان شِن نے ملاقات کی، جس میں پاکستان کے توانائی شعبے میں سرمایہ کاری اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

  اعلامیے کے مطابق شینڈونگ گروپ نے پاکستان کے توانائی شعبے میں طویل المدتی سٹریٹجک شراکت داری کی تجویز پیش کرتے ہوئے تیل و گیس کی پیداوار بڑھانے، ڈرلنگ اور فیلڈ آپٹیمائزیشن میں سرمایہ کاری کی پیشکش کی۔ چینی کمپنی نے پاکستان میں ریفائنری اپ گریڈیشن، فلوئیڈ کیٹالیٹک کریکنگ (ایف سی سی) یونٹ کی تنصیب، توانائی سے متعلق آلات کی مینوفیکچرنگ سہولت کے قیام، آف شور توانائی منصوبوں، سلفر پروسیسنگ پلانٹ اور انرجی سٹیز میں سرمایہ کاری میں بھی دلچسپی ظاہر کی۔ کمپنی کے مطابق پاکستان میں قائم ہونے والی مینوفیکچرنگ سہولت کو مشرق وسطیٰ کی منڈیوں تک رسائی کے لیے بھی استعمال کیا جا سکے گا۔وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری اور ویلیو ایڈیشن کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے پیٹرولیم ڈویژن کو چینی کمپنی کی تمام تجاویز پر فوکل پرسنز مقرر کرکے فوری پیش رفت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون مزید مضبوط ہوگا، چینی کمپنی کی سرمایہ کاری کی پیشکش پاکستان کی توانائی اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔