لاہور، بغیر اجازت گھروں میں قائم ٹیوشن سینٹرز بند، جرمانے عائد کرنے کا فیصلہ

07-02-2026

(ویب ڈیسک) کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعے کے بعد ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے شہر بھر میں قائم ٹیوشن سینٹرز، اکیڈمیز اور تعلیمی عمارتوں کا ہنگامی سروے کرانے کا فیصلہ کر لیا۔

ضلعی انتظامیہ نے بغیر اجازت گھروں میں ٹیوشن پڑھانے والوں کے خلاف کارروائی اور جرمانے عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی کے مطابق سروے کے دوران تمام نجی اکیڈمیز اور ٹیوشن سینٹرز میں حفاظتی انتظامات، طلبہ کی تعداد، عمارتوں کی حالت اور دیگر ضروری معلومات کا تفصیلی ریکارڈ مرتب کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ سروے تین روز کے اندر مکمل کرکے ایک جامع رپورٹ تیار کی جائے گی، جس کی روشنی میں حفاظتی معیار پر پورا نہ اترنے والے اداروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بغیر اجازت رہائشی گھروں میں قائم ٹیوشن سینٹرز اور اکیڈمیز کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے عائد کئے جائیں گے تاکہ طلبہ کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔