پی آئی اے کی لاہور سے مانچسٹر افتتاحی پرواز روانہ، 325 مسافر سوار
07-02-2026
(لاہور نیوز) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی لاہور سے مانچسٹر کیلئے براہِ راست افتتاحی پرواز پی کے 709 کامیابی کے ساتھ روانہ ہو گئی۔
لاہور ایئرپورٹ پر اس موقع پر ایک سادہ مگر پروقار افتتاحی تقریب منعقد کی گئی، جہاں افتتاحی پرواز کی روانگی کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا، پی آئی اے کے چیف آپریٹنگ آفیسر خرم مشتاق نے مسافروں کو الوداع کیا۔ افتتاحی پرواز کے ذریعے 325 مسافر مانچسٹر روانہ ہوئے، مسافروں نے لاہور اور مانچسٹر کے درمیان براہِ راست فضائی سروس کی بحالی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کیلئے ایک اہم اور خوش آئند پیش رفت قرار دیا۔ اس سے قبل مانچسٹر سے لاہور کی پہلی براہِ راست پرواز گزشتہ رات روانہ ہوئی تھی، جسے پی آئی اے کی مقامی انتظامیہ اور مانچسٹر ایئرپورٹ گروپ کے حکام نے رخصت کیا۔ پی آئی اے کا کہنا ہے کہ لاہور سے مانچسٹر براہِ راست پروازوں کا آغاز ادارے کے بین الاقوامی نیٹ ورک میں ایک اہم اضافہ ہے، نئی سروس کے بعد پاکستان اور مانچسٹر کے درمیان پی آئی اے کی ہفتہ وار پروازوں کی تعداد پانچ ہو گئی ہے، جن میں چار پروازیں اسلام آباد سے جبکہ ایک ہفتہ وار پرواز لاہور سے آپریٹ کی جائے گی۔ پی آئی اے کے مطابق نئی پروازوں سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان عوامی روابط مزید مضبوط ہوں گے اور برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو سفر کی بہتر سہولت میسر آئے گی۔