غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ پر لائسنس معطل، لاہور ٹریفک پولیس کی نئی پابندیاں نافذ
07-02-2026
(لاہور نیوز) لاہور میں ٹریفک حادثات کی روک تھام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے سٹی ٹریفک پولیس نے غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کے خلاف سخت اقدامات کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور کی ہدایت پر مہلک یا سنگین ٹریفک حادثات میں ملوث ڈرائیورز کے ڈرائیونگ لائسنس فوری طور پر معطل کئے جائیں گے، اس کے علاوہ غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کے مرتکب افراد کے خلاف بھی لائسنس معطل کرنے کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ سی ٹی او لاہور کے مطابق غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ پر ڈرائیونگ لائسنس کم از کم 6 ماہ اور زیادہ سے زیادہ 3 سال کیلئے معطل کیا جا سکے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ لائسنس معطل ہونے کے باوجود گاڑی چلانے والے افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا، جبکہ مہلک حادثے کے باعث معطل کئے گئے لائسنس کی بحالی صرف عدالت کے حکم پر ممکن ہو گی۔ سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی کی جائے گی تاکہ شہر میں محفوظ ٹریفک نظام کو یقینی بنایا جا سکے اور حادثات کی شرح میں کمی لائی جا سکے۔