کاہنہ ٹیوشن سنٹر سانحہ: ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعلیٰ کو ارسال

07-02-2026

(لاہور نیوز) کاہنہ کے علاقے میں ٹیوشن سنٹر کی چھت گرنے کے افسوس ناک واقعے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو بھجوا دی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق حادثہ چھت پر زیادہ مقدار میں مٹی/ملبہ ڈالے جانے اور پہلے سے کمزور ڈھانچے کے باعث پیش آیا۔ ماہرین کی رائے کو بھی رپورٹ کا حصہ بنایا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ٹی آر گارڈر کی کمزور چھت پر بچوں کی موجودگی میں مٹی ڈالنا انتہائی غیر ذمہ دارانہ اقدام تھا۔ کمزور ساخت اضافی بوجھ برداشت نہ کر سکی جس کے نتیجے میں چھت گر گئی۔ حادثے کے وقت ٹیوشن سنٹر میں ایک خاتون ٹیچر اور تقریباً 20 بچے موجود تھے۔ واقعے میں 14 بچوں کے جاں بحق ہونے اور 6 بچوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ اموات زیادہ تر سر پر شدید چوٹیں آنے کے باعث ہوئیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تاحال کسی سرکاری اہلکار کی غفلت ثابت نہیں ہوئی، تاہم واقعے کے بعد گھر کے مالک اور اس کے بھائی سمیت 5 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور مقدمہ درج کر کے تفتیش جاری ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے رپورٹ کا باریک بینی سے جائزہ لینے کی ہدایت دی ہے اور صوبے بھر کے ٹیوشن سنٹرز کے لیے حفاظتی ایس او پیز مزید سخت کرنے کا عندیہ دیا ہے۔