وزیراعلیٰ پنجاب چیمپئن لیگ کا اعلان، جولائی میں کرکٹ کا بڑا میلہ سجے گا
07-02-2026
(لاہور نیوز) سپورٹس بورڈ پنجاب نے وزیراعلیٰ پنجاب چیمپئن لیگ کے انعقاد کا اعلان کیا ہے، لیگ جولائی کے وسط میں منعقد ہوگی، جس میں انٹرنیشنل اور نیشنل کرکٹرز کے ساتھ پنجاب کے تمام ڈویژنز سے گرلزاور بوائز کھلاڑی بھی شرکت کریں گے۔
سی ایم پنجاب چیمپئن لیگ کے حوالے سے اہم اجلاس ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں لیگ کے انتظامات اور مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کمشنر ان لینڈ ریونیو بہزاد انور، وائس پریزیڈنٹ پاکستان ریلوے سپورٹس بورڈ حمدان نذیر اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ محمد طارق قریشی نے بتایا کہ سی ایم پنجاب چیمپئن لیگ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے تعاون، پاکستان ریلوے اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے اشتراک سے منعقد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ لیگ میں 12 مردوں اور 4 خواتین کی ٹیمیں حصہ لیں گی، جبکہ انٹرنیشنل اور نیشنل سطح کے کرکٹرز بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے، لیگ کا مقصد پنجاب بھر کے نوجوان ٹیلنٹ کو قومی سطح کے کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کا موقع فراہم کرنا اور کرکٹ کو مزید فروغ دینا ہے۔ ڈی جی سپورٹس پنجاب کے مطابق سی ایم پنجاب چیمپئن لیگ کا فائنل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔