مومنہ اقبال کو دھمکیاں دینے کا کیس:، ثاقب چڈھر اور اہلیہ کی عبوری ضمانت میں توسیع
07-02-2026
(لاہور نیوز) لاہور کی سیشن کورٹ میں اداکارہ مومنہ اقبال کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کے مقدمے میں ثاقب چڈھر اور ان کی اہلیہ سمیرا کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
ایڈیشنل اینڈ سیشن جج نصرت علی صدیقی نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے ثاقب چڈھر اور ان کی اہلیہ سمیرا کی عبوری ضمانت میں 13 جولائی تک توسیع کر دی۔ دورانِ سماعت تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ سمیرا تاحال شاملِ تفتیش نہیں ہوئیں، تاہم انہیں ایک اور موقع دیا جائے، عدالت نے ملزمہ کو شاملِ تفتیش ہونے کا ایک اور موقع دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزمان کے موبائل فون فرانزک تجزیے کیلئے بھجوا دیئے گئے ہیں، جبکہ مقدمے کی تفتیش مکمل کرنے کیلئے مزید وقت درکار ہے۔ یاد رہے کہ این سی سی آئی اے نے اداکارہ مومنہ اقبال کی مدعیت میں ہراساں کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کے الزام میں مقدمہ درج کر رکھا ہے۔