آئی جی پنجاب کا چینی و غیر ملکی باشندوں کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کا حکم
07-02-2026
(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب عبدالکریم کی زیرصدارت اہم اجلاس میں صوبے بھر کی مجموعی سکیورٹی صورتحال، چینی و دیگر غیر ملکی باشندوں کے تحفظ اور غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے خلاف جاری کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پنجاب نے چینی اور دیگر غیر ملکی قونصل خانوں، چینی ماہرین و باشندوں کی رہائش گاہوں اور ورک پلیسز کی سکیورٹی مزید مؤثر بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ چینی ماہرین اور دیگر غیر ملکی باشندوں کی نقل و حرکت کے دوران سکیورٹی انتظامات مزید سخت کیے جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پولیس افسران، سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی اور دیگر سکیورٹی ایجنسیوں کی مشاورت سے چینی اور دیگر غیر ملکی باشندوں کے سکیورٹی آرڈر کا ازسرِنو جائزہ لے کر اسے مزید مؤثر بنایا جائے۔ آئی جی پنجاب نے افغان باشندوں سمیت غیر قانونی طور پر مقیم تمام غیر ملکیوں اور تارکین وطن کے انخلا کی مہم میں تیزی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی، سکیورٹی ایجنسیوں اور انٹیلی جنس بیسڈ معلومات کے ذریعے غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کی نشاندہی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ بین الصوبائی سرحدی علاقوں سمیت صوبہ بھر میں انٹیلی جنس بیسڈ سرچ، سویپ اور کومبنگ آپریشنز بلا تعطل جاری رکھے جائیں، جبکہ بین الصوبائی سرحدی پولیس چوکیوں پر تعینات اہلکار انتہائی الرٹ رہتے ہوئے اپنے فرائض انجام دیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان سمیت ملک دشمن عناصر کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے اور امن و امان کے قیام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔