PACRA نے بینک آف پنجاب کی ریٹنگ بڑھا کر AAA کردی
07-01-2026
(لاہورنیوز) PACRA نے بینک آف پنجاب کی ریٹنگ بڑھا کر AAA کردی۔
پاکستان کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیپپ (PACRA) نے بینک آف پنجاب کی طویل مدتی کریڈٹ ریٹنگ AA+ سے بڑھا کر AAA کر دی ہے جبکہ قلیل مدتی ریٹنگ A1+ برقرار رکھی گئی ہےاور بینک کا آؤٹ لک مستحکم قرار دیا گیاہے ۔ اس کامیابی کے ساتھ بینک آف پنجاب پاکستان کا پہلا اور واحد صوبائی بینک بن گیاہے، جس نے ملک کی سب سے اعلیٰ کریڈٹ ریٹنگ حاصل کی ہے۔ یہ کامیابی بینک میں جمع شدہ رقوم میں مسلسل اضافے ، منافع میں نمایاں بہتری اور موثر رسک مینجمنٹ کی بدولت ممکن ہوئی ہے ۔ اعدادو شمار بھی اس کامیابی کی تصدیق کرتے ہیں۔ سال 2025 میں بینک آف پنجاب کے ڈپازٹس 2 کھرب روپے (2 ٹریلین روپے) سے تجاوز کر گئے، جبکہ کریڈٹ لاس الاؤنس سے پہلے آپریٹنگ منافع تقریباً دو گنا ہو کر 40.7 ارب روپے تک پہنچ گیا، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 98.5 فیصد زیادہ ہے۔ اس کی بنیادی وجہ کم لاگت پر زیادہ ڈپازٹس حاصل کرنا، فنڈز کی لاگت میں کمی ، بنیادی آمدنی میں اضافہ، اخراجات پر موثر کنٹرول اور محتاط رسک مینجمنٹ رہی۔ بینک آف پنجاب کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب ظفر مسعود نے کہا کہ ’’AAA صرف ایک ریٹنگ نہیں بلکہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پیشہ وارانہ مہارت، نظم وضبط اور مضبوط بینکاری سے کیا حاصل کیا جا سکتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم نے ایک ایسا مضبوط تجارتی ادارہ بنایا ہے جو اپنے شیئر ہولڈرز کیلئے پائیدار قدر پیدا کرتا ہے جبکہ مالی شمولیت، ذمہ دار بینکاری اور پنجاب و پاکستان کی ترقی کے اپنے عزم پر بھی قائم ہے۔‘‘ بینک آف پنجاب پاکستان کا نمایاں ڈیجیٹل قرض فراہم کرنے والا بینک ہے اور ایس ایم ایز، زراعت، خواتین کی مالی خودمختاری اور کم لاگت رہائشی منصوبوں کیلئے مالی معاونت میں بھی صفِ اول میں شامل ہے۔ حکومتِ پنجاب کے اہم پروگرامز جیسے آسان کاروبار، کسان کارڈ، لائیوسٹاک کارڈ اور اپنی چھت اپنا گھر کے ذریعے بینک نے صوبےبھر میں کاروباری افراد، کسانوں ، خواتین اور پہلی مرتبہ قرض لینے والوں کو باضابطہ مالی سہولیات تک رسائی فراہم کی۔ بینک اپنی اکثریتی سرپرست حکومت پنجاب کا شکریہ ادا کرتاہے جس کے اعتماد، تعاون او ر رہنمائی نے بینک کی ادارہ جاتی صلاحیت کو مزید مضبوط بنایا اور صوبے کی ترقی اور مالی شمولیت کے سفر میں اس کے کردار کو مستحکم کیا ۔ جناب ظفر مسعود نے مزید کہا کہ ’’ یہ کامیابی ہمارے لوگوں کی کامیابی ہے، ہم حکومت پنجاب، اپنے بورڈ آف ڈائریکٹرز، صارفین، ریگولیٹرز، شیئر ہولڈرز اور بالخصوص محترمہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صاحبہ کے شکرگزار ہیں، جنہوں ے بینک آف پنجاب اور اس کی باصلاحیت ٹیم پر اعتماد کی۔ اُن کا کہنا تھا کہ ہمارے ملازمین کی پیشہ وارنہ مہارت، محنت اور لگن نے اس کامیابی کو ممکن بنایا اور ہم اسی جذبے کے ساتھ آگے بھی عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کیلئے بہترین نتائج دیتے رہیں گے‘‘۔ بینک آف پنجاب ذمہ دارانہ ترقی، مضبوط مالی بنیاد، صافین پرمرکوز ڈیجیٹل جدت، مالی شمولیت اور تمام شراکت داروں کیلئے دیر پا قدر پیدا کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتاہے۔ بینک آف پنجاب پاکستان میں ایس ایم ای فنانسنگ، زرعی قرضوں، کم لاگت ہاؤسنگ ، خواتین کاروباری افراد کی مالی معاونت، کریڈٹ کارڈز کے اجرا اور ڈیجیٹل قرض فراہم کرنے کے شعبوں میں نمایاں اور سرفہرست ہے ۔