عید بونس تنازع ختم، ستھرا پنجاب ورکرز ڈیوٹی پر واپس آ گئے
07-01-2026
(لاہور نیوز) وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ لاہور سمیت صوبے بھر میں ستھرا پنجاب کی ٹیمیں معمول کے مطابق صفائی آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ عید بونس سے متعلق پیدا ہونے والا معاملہ مذاکرات کے ذریعے حل کر لیا گیا ہے۔
ایکس پر جاری بیان میں ذیشان رفیق نے کہا کہ عیدالاضحیٰ اور عشرہ محرم کے دوران صفائی کے مثالی انتظامات کیے گئے۔ بعض مقامات پر ورکرز کے عید بونس سے متعلق تحفظات سامنے آئے، جس پر ستھرا پنجاب انتظامیہ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ورکرز سے مذاکرات کیے۔ انہوں نے کہا کہ عید بونس کی ادائیگی کی یقین دہانی کے بعد معاملہ خوش اسلوبی سے طے پا گیا اور ورکرز کے نمائندے انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کر رہے ہیں۔ وزیر بلدیات کا کہنا تھا کہ ستھرا پنجاب مریم نواز حکومت کا فلیگ شپ منصوبہ اور دنیا کا سب سے بڑا ویسٹ مینجمنٹ پروگرام ہے، جس کے ذریعے تقریباً ایک لاکھ 80 ہزار خاندانوں کو روزگار ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورکرز کو کم از کم اجرت، فلاحی سہولیات اور محفوظ ورکنگ ماحول کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے، جبکہ منصوبے کی نگرانی شفاف ڈیجیٹل نظام کے تحت کی جا رہی ہے۔ ذیشان رفیق نے الزام عائد کیا کہ بعض عناصر غلط فہمیاں پیدا کر کے منصوبے کی کامیابی کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم پورے پنجاب میں فیلڈ ٹیمیں شہریوں کو بہترین صفائی خدمات فراہم کرنے میں مصروف ہیں۔