اصلاحات کے ثمرات، ایف بی آر کی سالانہ وصولیاں 13 ٹریلین روپے سے زائد ہوگئیں: وزیرخزانہ
07-01-2026
(لاہورنیوز) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی ریکارڈ ٹیکس وصولیاں مالی سال کے اختتام پر 13 ٹریلین روپے سے تجاوز کر گئی ہیں۔
محمد اورنگزیب نے دعویٰ کیا ہے ملکی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل ہے، کامیابی گزشتہ ڈھائی سال کے دوران نافذ کی گئی اصلاحات کا نتیجہ ہے۔ ایف بی آر ہیڈکوارٹرز میں چیئرمین، بورڈ ارکان، چیف کمشنرز، چیف کلیکٹرز اور دیگر سینئر افسران سے خطاب کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی جانب سے تمام افسران کو ان کی کارکردگی پر مبارکباد دی گئی ہے، جبکہ وزیراعظم جلد ان سے ملاقات بھی کریں گے۔ وزیر خزانہ نے بتایا کہ اصلاحاتی عمل کے آغاز پر ایف بی آر کی سالانہ ٹیکس وصولیاں تقریباً 6 ٹریلین روپے تھیں، جو اب بڑھ کر 13 ٹریلین روپے سے زائد ہو چکی ہیں، اتنے مختصر عرصے میں محصولات کا تقریباً دگنا ہونا غیر معمولی پیش رفت ہے۔ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مالی خسارہ تاریخ کی کم ترین سطح پر جبکہ بنیادی مالی سرپلس بلند ترین سطح پر پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اخراجات پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ محصولات میں ریکارڈ اضافہ ان اہداف کے حصول میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران ایف بی آر نے تقریباً 600 ارب روپے کے ٹیکس ریفنڈز جاری کیے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 21 فیصد زیادہ ہیں، جبکہ صرف 30 جون کو 13.5 ارب روپے کے ریفنڈز جاری کیے گئے، جو ایک ریکارڈ ہے۔