عالمی بینک کی پنجاب کے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن پروگرام کیلئے 7 کروڑ ڈالر کی منظوری

07-01-2026

(لاہور نیوز) پنجاب میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن پروگرام کی تکمیل کیلئے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، عالمی بینک نے پنجاب کے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن پروگرام کیلئے 7 کروڑ ڈالر کی منظوری دے دی۔

عالمی بینک کے مطابق  کنیکٹڈ پنجاب  پروگرام کے تحت براڈبینڈ انٹرنیٹ کی رسائی اور ڈیجیٹل سروسز میں توسیع کی جائے گی، تاہم 2031 تک مزید 21 لاکھ افراد کو براڈبینڈ انٹرنیٹ سے منسلک کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، پنجاب میں فکسڈ براڈبینڈ کوریج 78 لاکھ سے بڑھا کر 99 لاکھ افراد تک پہنچانے کا منصوبہ ہے۔منصوبے کے تحت پنجاب میں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کیلئے 5 کروڑ ڈالر کی نجی سرمایہ کاری متوقع ہے، جبکہ رائٹ آف وے اجازت ناموں کا دورانیہ 90 دن سے کم کرکے 21 دن کرنے کا ہدف ہوگا، 2031 تک 2 کروڑ 89 لاکھ افراد کو بہتر ڈیجیٹل سرکاری خدمات فراہم کی جائیں گی۔ عالمی بینک کا کہنا ہے کہ خواتین کی ڈیجیٹل سرکاری خدمات تک رسائی 19 فیصد سے بڑھا کر 30 فیصد کرنے کا ہدف منصوبے کا حصہ ہے، تاہم پنجاب میں اے آئی سے چلنے والی سرکاری خدمات کیلئے جدید ڈیجیٹل انفراسٹرکچر قائم کیا جائے گا۔ ڈیجیٹل انوائس مینجمنٹ سسٹم اور کیش لیس ادائیگیوں کے فروغ کیلئے نئے اقدامات کیے جائیں گے، پروگرام کے تحت 2031 تک ساڑھے 3 لاکھ افراد کو کیش لیس ادائیگی کے نظام سے فعال طور پر منسلک کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ عالمی بینک کا کہنا ہے کہ پنجاب کا منصوبہ پاکستان کے قومی ڈیجیٹل اور اے آئی وژن سے ہم آہنگ ہے، 70 ملین ڈالر کی عالمی مالی معاونت ہوچکی ہے،تاہم پنجاب حکومت 208 ملین ڈالر بطور شراکتی فنڈ فراہم کرے گی، جبکہ کنیکٹڈ پنجاب پروگرام کی مجموعی مالیت 27 کروڑ 80 لاکھ ڈالر مقرر ہے۔