پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن، 9 فوڈ پروڈکشن یونٹس سیل

07-01-2026

(لاہور نیوز) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صحت دشمن عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 9 فوڈ پروڈکشن یونٹس بند کر دیئے۔

ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کی ہدایت پر لاہور شہر اور مضافاتی علاقوں میں خصوصی آپریشن کیا گیا، جس کے دوران 29 فوڈ پوائنٹس اور پروڈکشن یونٹس کی چیکنگ کی گئی، 20 فوڈ پوائنٹس کو مجموعی طور پر 4 لاکھ 46 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ کارروائی کے دوران 4 معروف بیکری یونٹس، ایک سویاں یونٹ، قلفی فیکٹری، پکوان سینٹر، میٹ یونٹ اور ایک ریسٹورنٹ کو سنگین خلاف ورزیوں پر بند کر دیا گیا، مزید برآں، بھاری مقدار میں ممنوعہ اجزاء اور ایکسپائر شدہ اشیائے خورونوش بھی تلف کر دی گئیں۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کے مطابق معائنے کے دوران فنگس زدہ اور بدبودار فریزر، ٹوٹے ہوئے فرش، کھڑا آلودہ پانی، صفائی کے ناقص انتظامات اور استعمال شدہ آئل میں خوراک تیار کئے جانے جیسے سنگین نقائص سامنے آئے، لازم ریکارڈ، آئل تبدیلی کا ریکارڈ اور خریداری کی تفصیلات بھی موجود نہیں تھیں، جبکہ تیار شدہ مصنوعات پر غیر منظور شدہ لیبل لگائے جا رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بعض یونٹس کے پروسیسنگ ایریا میں نسوار کا استعمال اور سگریٹ نوشی کی جا رہی تھی، غیر فلٹر شدہ پانی استعمال ہو رہا تھا اور خوراک کی ذخیرہ اندوزی کیلئے گندے، ٹوٹے اور زنگ آلود برتن استعمال کئے جا رہے تھے، جو عوامی صحت کیلئے سنگین خطرہ ہیں۔ سید موسیٰ رضا کا کہنا تھا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی فوڈ ہائجین، معیار، لازم ریکارڈ اور فوڈ سیفٹی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنا رہی ہے، اشیائے خورونوش کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے کاروباروں کے خلاف بلا امتیاز سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔