شاہ عالم مارکیٹ: دکان میں آتشزدگی، فائر فائٹرز نے آگ پر قابو پا لیا
07-01-2026
(لاہور نیوز) شاہ عالم مارکیٹ کے فوارہ چوک میں واقع ایک دکان میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔
واقعے کے بعد ریسکیو 1122 کی فائر فائٹنگ ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں، ریسکیو اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ بجھانے کا عمل شروع کیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق متاثرہ دکان میں رنڑ شیٹس موجود تھیں، جس کے باعث آگ نے تیزی سے شدت اختیار کی، تاہم ریسکیو فائر فائٹرز نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا۔ ریسکیو 1122 کے مطابق فائر فائٹنگ آپریشن کے دوران متعدد اہلکار آگ بجھانے میں مصروف رہے اور کچھ ہی دیر میں آگ پر مکمل قابو پا لیا گیا، بروقت رسپانس کی بدولت قریبی دکانیں آگ کی لپیٹ میں آنے سے محفوظ رہیں۔ واقعے میں فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، جبکہ آگ لگنے کی وجوہات جاننے کیلئے مزید تحقیقات جاری ہیں۔