یکم جولائی سے ای چالان نادہندگان کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا اعلان

06-30-2026

(لاہور نیوز) ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے ای چالان نادہندگان کے خلاف صوبہ بھر میں بھرپور کارروائی کا اعلان کر دیا۔

ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ای چالان نادہندگان کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی، اس مقصد کیلئے پنجاب بھر میں ٹریفک پولیس کے تمام اہلکاروں کو ٹریفک ون ایپ فراہم کر دی گئی ہے، جس کے ذریعے موقع پر ہی گاڑی کے ای چالان کی تصدیق اور واجبات کی وصولی ممکن ہو گی۔ ترجمان  نے بتایا کہ شہری پنجاب سیف سٹی کی ویب سائٹ کے ذریعے اپنے ای چالان کی تفصیلات حاصل کر سکتے ہیں، اگر کسی شہری  نے ای چالان کی ادائیگی نہ کی تو متعلقہ موٹرسائیکل یا گاڑی کو قانون کے مطابق بند کیا جا سکتا ہے۔ ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر  نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے ای چالان بروقت ادا کریں تاکہ قانونی کارروائی سے بچا جا سکے، پنجاب میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی اور سڑکوں پر نظم و ضبط کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں  نے مزید کہا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی محفوظ سفر کی ضمانت ہے، لہٰذا تمام شہری ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے قوانین پر عمل کریں۔