شدید گرمی سے لیسکو کا نظام دباؤ کا شکار، تکنیکی خرابیوں اور لوڈشیڈنگ میں اضافہ
06-30-2026
(لاہور نیوز) شدید گرمی کے باعث لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کا ترسیلی اور ڈسٹری بیوشن نظام شدید دباؤ کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں ٹرانسفارمر جلنے، ٹرپنگ اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث کئی کئی گھنٹے بجلی کی فراہمی معطل رہی۔
ذرائع کے مطابق دن کے وقت لیسکو کی بجلی کی طلب 3 ہزار 920 میگاواٹ سے تجاوز کر گئی، جبکہ کمپنی کے لیے 4 ہزار 250 میگاواٹ کا کوٹہ مقرر ہے۔ تاہم لیسکو کو اس وقت قومی گرڈ سے صرف 3 ہزار 650 میگاواٹ بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دن کے اوقات میں سولر سسٹمز کی وجہ سے بجلی کی طلب نسبتاً کم رہتی ہے، تاہم شام اور رات کے وقت طلب بڑھ کر 5 ہزار 2 میگاواٹ سے تجاوز کر جاتی ہے، جس سے سسٹم پر دباؤ بڑھ جاتا ہے۔ سسٹم اوور لوڈ ہونے کے باعث ٹرپنگ اور دیگر فنی خرابیوں کی شکایات میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ رات شارٹ فال بڑھنے پر مختلف علاقوں میں جبری لوڈشیڈنگ کی گئی، جس کے باعث صارفین کو رات بھر وقفے وقفے سے بجلی کی بندش کا سامنا کرنا پڑا۔