پنجاب میں پری مون سون بارشوں کا آغاز، بیشتر اضلاع میں اربن فلڈنگ کا الرٹ
06-30-2026
(لاہور نیوز) پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے کل سے صوبے بھر میں پری مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کی پیشگوئی کے بعد الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، فیصل آباد، خوشاب، سرگودھا، شیخوپورہ، نارووال، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، پاکپتن، ننکانہ صاحب، اوکاڑہ، قصور، نورپور تھل، بھکر، لیہ، میانوالی، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، لودھراں اور گردونواح میں بارش کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور اور فیصل آباد میں شدید بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر جاوید نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ گرج چمک کے دوران کھلے مقامات پر جانے سے گریز کریں، آسمانی بجلی، تیز آندھی اور گردوغبار کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں، جبکہ شمالی علاقوں کا سفر کرنے والے سیاح موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ پی ڈی ایم اے نے ہنگامی صورتحال میں شہریوں کو ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔