ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اولین ترجیح ہے: صہیب بھرتھ

06-30-2026

(لاہور نیوز) محکمہ تعمیرات و مواصلات (سی اینڈ ڈبلیو) نے صوبے بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر دن کے ساتھ ساتھ رات کے اوقات میں بھی تعمیراتی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں تاکہ منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کئے جا سکیں۔

صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت اجلاس میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں وزیر کو ملتان۔وہاڑی 93.5 کلومیٹر طویل شاہراہ سمیت دیگر منصوبوں پر جاری تعمیراتی کاموں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملتان۔وہاڑی شاہراہ پر رات کے اوقات میں بھی برق رفتاری سے کام جاری ہے، جبکہ منصوبے میں استعمال ہونے والے میٹریل اور تعمیراتی معیار کی جانچ بھی مسلسل کی جا رہی ہے، اس مقصد کیلئے خصوصی ٹیمیں شاہراہ کے مختلف مقامات پر کوالٹی چیکنگ کو یقینی بنا رہی ہیں۔ اجلاس میں وزیر  نے منصوبے کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں بڑے ترقیاتی منصوبوں پر دن کے ساتھ رات کے اوقات میں بھی کام جاری ہے تاکہ عوام کو جلد از جلد جدید سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ راولپنڈی سگنل فری کوریڈور منصوبہ 179 روز میں دن رات کام کر کے مکمل کیا گیا، جبکہ سی اینڈ ڈبلیو کی فیلڈ فارمیشنز لوکل روڈ پروگرام کے تحت مختلف شاہراہوں پر بھی رات کے اوقات میں کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب انفراسٹرکچر کی ترقی کے حوالے سے تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبوں پر کام ہو رہا ہے، شاہراہوں کے تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل محکمہ کی اولین ترجیح ہے۔