لاہور پولیس کی چھٹی کے روز بڑی کارروائیاں، 449 ملزمان گرفتار
06-29-2026
(لاہور نیوز) لاہور پولیس کے آپریشنز ونگ نے چھٹی کے روز مختلف جرائم کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 449 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق ہراسگی اور زیادتی کی شکایات پر فوری کارروائی کرتے ہوئے 16 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور اس کی نمائش پر 6 افراد کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے ایک رائفل، 5 پستول اور درجنوں گولیاں برآمد کی گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں میں 15 ملزمان گرفتار کیے گئے، جن سے 8 کلو 90 گرام چرس، ایک کلو 20 گرام آئس، 500 گرام ہیروئن اور 25 لیٹر شراب برآمد ہوئی۔ پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 16 جبکہ جوئے کے الزام میں 6 افراد کو گرفتار کر کے داؤ پر لگی رقم بھی قبضے میں لے لی گئی۔ ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق کارروائیوں کے دوران 177 اشتہاری مجرمان اور عدالتی مفروران کو بھی گرفتار کیا گیا، جبکہ دیگر جرائم میں ملوث 12 ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا۔