لاہور: اشتہاریوں، عدالتی مفروران کیخلاف آپریشن، 67 ملزمان گرفتار

06-29-2026

(لاہور نیوز) شہر میں اشتہاری ملزمان، عادی جرائم پیشہ افراد اور عدالتی مفروران کیخلاف خصوصی آپریشن کے دوران پولیس نے 67 سے زائد ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان ڈولفن سکواڈ کے مطابق کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 67 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن میں 12 اشتہاری ملزمان بھی شامل ہیں۔ گرفتار افراد مختلف سنگین نوعیت کے مقدمات میں مطلوب تھے۔ ایس پی ڈولفن بلال احمد کے مطابق ڈولفن سکواڈ نے کارروائی کے دوران 39 ریکارڈ یافتہ اور 9 عادی مجرمان کو حراست میں لیا جبکہ زیر سماعت مقدمات میں مطلوب 6 عدالتی مفروران کو بھی گرفتار کیا گیا۔ انہوں  نے مزید کہا کہ کارروائی کے دوران سٹریٹ کرائم میں ملوث ایک ملزم کو بھی گرفتار کیا گیا، جس کے قبضے سے 3 موبائل فون برآمد ہوئے ہیں، تمام گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ تھانوں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔