شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے باوجود ٹریفک وارڈنز شہریوں کی خدمت میں مصروف

06-29-2026

(لاہور نیوز) شدید حبس اور ہیٹ ویو کے باوجود لاہور ٹریفک پولیس کے وارڈنز شہر بھر میں اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں انجام دے رہے ہیں۔

جھلسا دینے والی 46 ڈگری سینٹی گریڈ گرمی اور سخت دھوپ بھی وارڈنز کے حوصلے پست نہ کر سکی، جو ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کی سہولت کیلئے سڑکوں پر موجود ہیں۔ چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا ہے کہ شہریوں کی سہولت اور ان کی جان و مال کا تحفظ لاہور ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے، شدید گرمی، حبس اور گرم ہواؤں کے باوجود ٹریفک وارڈنز پوری فرض شناسی، جذبے اور تندہی کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں، جو قابل تحسین ہے۔ سی ٹی او لاہور  نے شہریوں سے اپیل کی کہ شدید گرمی میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور اگر دھوپ میں نکلنا ناگزیر ہو تو پانی، چھتری یا دیگر حفاظتی اقدامات ضرور اختیار کریں۔ انہوں  نے مزید ہدایت کی کہ کمزور یا گھسے ہوئے ٹائروں والی گاڑیوں کے ڈرائیور حد رفتار کی سختی سے پابندی کریں اور ہیٹ ویو کے دوران سفر شروع کرنے سے قبل گاڑی کے ٹائروں، بریکس اور کولنگ سسٹم کا مکمل معائنہ ضرور کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ سی ٹی او سید عبدالرحیم شیرازی  نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ شدید گرمی کے دوران ڈرائیونگ کرتے وقت غصے، جلد بازی اور غیر ضروری جلدی سے گریز کریں اور تحمل و برداشت کا مظاہرہ کرتے ہوئے محتاط انداز میں گاڑی چلائیں تاکہ ٹریفک حادثات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔