معیاری خوراک کی فراہمی کیلئے فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں، 3 فوڈ پوائنٹس سیل
06-29-2026
(لاہور نیوز) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں۔
ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق شالیمار، جیل روڈ اور فیروزپور روڈ پر واقع 3 فوڈ پوائنٹس کی پروڈکشن بند کر دی، جبکہ ایک فوڈ پوائنٹ پر بھاری جرمانہ بھی عائد کیا گیا، کارروائیوں کے دوران ایک قلفی پروڈکشن یونٹ، ایک ہسپتال کیفے ٹیریا اور فیروزپور روڈ پر واقع ایک معروف ریسٹورنٹ کو ناقص انتظامات اور فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر سیل کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ 2 فریزر، ایک فرائر اور ایک ٹیبل بھی قبضے میں لے لیا گیا، جبکہ بھاری مقدار میں ممنوعہ چائنہ نمک اور ایکسپائرڈ اشیائے خورونوش تلف کر دی گئیں۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ملاوٹ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں، شالیمار ٹاؤن میں واقع قلفی پروڈکشن یونٹ انتہائی ناقص صفائی اور غیر معیاری انتظامات کے باعث بند کیا گیا، جبکہ جیل روڈ پر قائم ہسپتال کیفے ٹیریا کو ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سیل کیا گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ فیروزپور روڈ پر واقع معروف ریسٹورنٹ بھی ناقص انتظامات اور پیور فوڈ ریگولیشنز کی خلاف ورزی پر بند کیا گیا، جہاں مختلف اشیائے خورونوش کی تیاری میں ممنوعہ چائنہ نمک استعمال کیا جا رہا تھا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق معائنے کے دوران صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات، فنگس زدہ دیواریں، بدبودار ماحول، پروسیسنگ ایریا میں کیڑوں، مکھیوں اور مکڑی کے جالوں کی بہتات پائی گئی، اس کے علاوہ ملازمین کے میڈیکل اور ٹریننگ سرٹیفکیٹس سمیت لازم آئل تبدیلی کا ریکارڈ بھی موجود نہیں تھا۔ سید موسیٰ رضا کا کہنا تھا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی صحت بخش خوراک کی فراہمی کیلئے دن رات سرگرم عمل ہے اور صحت دشمن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔