سرکاری ریٹ نظرانداز، دودھ اور دہی بدستور مہنگے داموں فروخت
06-28-2026
(ویب ڈیسک) دودھ اور دہی کی سرکاری قیمتوں پرعملدرآمد مؤثر نہ ہونے کے باعث شہریوں کو مہنگے داموں اشیائے ضروریہ خریدنے پر مجبور کر دیا گیا ہے جبکہ مقررہ نرخ اور مارکیٹ ریٹس میں واضح فرق برقرار ہے۔
سرکاری طور پر دودھ کی قیمت 170 روپے فی لٹر مقرر کی گئی ہے، تاہم مختلف علاقوں میں دودھ 200 سے 240 روپے فی لٹر تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح دہی کی قیمتوں میں بھی سرکاری ریٹ پر عملدرآمد نظر نہیں آ رہا اور مارکیٹ میں دہی 240 سے 280 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامی اقدامات کے باوجود سرکاری نرخوں پر عمل درآمد یقینی نہیں بنایا جا سکا، جس کے باعث گھریلو بجٹ متاثر ہو رہا ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ دودھ اور دہی کی سرکاری قیمتوں پر فروخت کو یقینی بنایا جائے اور مہنگے دام وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔