پنجاب بھر کے گرجا گھروں کیلئے سکیورٹی ہائی الرٹ، پولیس کو خصوصی ہدایات

06-28-2026

(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر کے گرجا گھروں میں مسیحی برادری کے عباداتی اور دعائیہ پروگراموں کے انعقاد کے موقع پر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ پولیس کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

آئی جی پنجاب نے آر پی اوز، ڈی پی اوز اور دیگر سینئر پولیس افسران کو گرجا گھروں اور حساس مقامات کی سکیورٹی مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپروائزری افسران خود فیلڈ میں جا کر انتظامات کا جائزہ لیں۔ ہدایت کے مطابق حساس گرجا گھروں پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے جبکہ ضرورت کے مطابق سنائپرز بھی تعینات کیے جائیں تاکہ سکیورٹی کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ڈولفن سکواڈ، پی آر یو اور ایلیٹ فورس کو گرجا گھروں کے اطراف مسلسل اور مؤثر پٹرولنگ جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تمام افسران اور اہلکار مکمل طور پر الرٹ رہیں اور شرپسند عناصر کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے۔ مزید ہدایت کی گئی ہے کہ مسیحی آبادیوں اور حساس علاقوں کے گرد سرچ اینڈ سویپ آپریشنز جاری رکھے جائیں جبکہ علما کرام، مسیحی کمیونٹی اور امن کمیٹیوں کے اراکین بین المذاہب ہم آہنگی اور امن کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔