پنجاب کارڈیالوجی میں تشخیصی ٹیسٹ بند، امجد علی جاوید نے معاملہ ایوان میں اٹھا دیا
06-27-2026
(لاہورنیوز) پنجاب اسمبلی میں حکومتی رکن امجد علی جاوید نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں تشخیصی ٹیسٹ بند ہونے کا معاملہ اٹھا دیا۔
صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے امجد علی جاوید کا کہنا تھا کہ گزشتہ دس روز سے مریضوں کے ضروری تشخیصی ٹیسٹ نہیں ہو رہے، جس کے باعث پنجاب بھر سے آنے والے غریب مریض شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ دوسری جانب وزیر صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر نے مسئلہ فوری حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔مزید برآں وزیر پارلیمانی امور مجتبیٰ شجاع الرحمان نے ایوان کو بتایا کہ کچھ ضروری ٹیسٹ مشینیں خراب ہونے کے باعث یہ صورتِ حال پیدا ہوئی ہے۔