ترقیاتی منصوبوں، محرم سکیورٹی پر حکومتی اقدام قابلِ تعریف ہے: مریم اورنگزیب
06-27-2026
(لاہورنیوز) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ صوبے میں ترقیاتی منصوبوں اور محرم سکیورٹی پر حکومتی اقدام قابلِ تعریف ہے۔
پنجاب اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے بہترین انتظامات کیے گئے اور ایک لاکھ سے زائد اہلکاروں نے اپنے فرائض انجام دیے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کا ہر کام باعثِ خوشی ہے اور اللہ تعالیٰ نے حکومت کو عوام کی خدمت کی توفیق دی ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر تمام وزراء محرم کے دوران فیلڈ میں موجود رہے جب کہ حکومت قانون کی پاسداری اور اپنی آئینی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہے۔ سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت کی مجموعی 437 ترقیاتی سکیمیں ہیں، جن میں سے 340 سے زائد کی منظوری دی جا چکی ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار وہ سکیمیں بھی 30 جولائی سے پہلے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ میں شامل کی جائیں گی جو پہلے رہ گئی تھیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ ماحولیات کے شعبے میں 10 ارب روپے جبکہ فشریز کے شعبے میں 18.4 ارب روپے خرچ کیے گئے ہیں، موجودہ حکومت نے دو سال میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی بجٹ دیا اور اب تک 1,159 ارب روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔ سینئر سوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے منصب سنبھالتے ہی ماحولیات کو ترجیح دی، سابق حکومت کی نااہلی کے باعث ماحولیات کے مسائل پیدا ہوئے جب کہ موجودہ حکومت کو محکمہ ماحولیات میں صرف چھ خراب موٹر سائیکلیں ملی تھیں۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ محکمہ ماحولیات کی فورس میں تقریباً ایک ہزار اہلکار خدمات انجام دے رہے ہیں، پانچ لاکھ سے زائد گاڑیوں کے لائسنس جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ حکومت نے سموگ کے خاتمے کے لیے پورے سال اقدامات کیے ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ سابق حکومت اپنے دور میں دو ماہ کے لیے پورا پنجاب بند کر دیتی تھی جب کہ موجودہ حکومت نے سموگ کے خلاف عملی اقدامات کیے، حکومت کے آغاز پر صرف 300 سپر سیڈرز موجود تھے، جو اب بڑھ کر 8 ہزار ہو چکے ہیں اور پنجاب بھر کے کسان انہیں استعمال کر رہے ہیں۔