سمن آباد :ہمسایوں کے جھگڑے میں فائرنگ، ایک شخص جاں بحق، ایک زخمی
06-27-2026
(لاہور نیوز) سمن آباد کے علاقے میں ہمسایوں کے درمیان معمولی جھگڑا خونریز تصادم میں تبدیل ہو گیا، جس کے نتیجے میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ، دوسرا زخمی ہو گیا۔
ایس پی اقبال ٹاؤن کے مطابق واقعہ ہمسایوں کے درمیان معمولی لڑائی جھگڑے کے بعد پیش آیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق فائرنگ شعیب نامی شخص اور اس کے ساتھیوں کی جانب سے کی گئی۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کی زد میں آ کر زاہد موقع پر جاں بحق ہو گیا، جبکہ حسین زخمی ہو گیا، جسے فوری طور پر علاج کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سمن آباد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور فوری کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار افراد میں شعیب، دانیال اور فرجاد شامل ہیں۔ پولیس نے جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دی ہے، جبکہ گرفتار ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔