انویسٹی گیشن پولیس کی کارروائیاں،لاکھوں روپے مالیت کے 238 موبائل فونز برآمد
06-27-2026
(لاہور نیوز) انویسٹی گیشن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کے 238 موبائل فونز برآمد کر کے اصل مالکان کے حوالے کر دیے۔
انویسٹی گیشن ہیڈکوارٹر میں موبائل فونز کی واپسی کے لیے خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس میں برآمد شدہ موبائل فونز ان کے مالکان میں تقسیم کیے گئے۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے برآمد شدہ موبائل فونز اصل مالکان کے سپرد کیے۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ انچارج انویسٹی گیشن تھانہ شادباغ تنزیل الرحمان اور انچارج سبزہ زار خالد فاروق نے اپنی ٹیموں کے ہمراہ مختلف کارروائیوں کے دوران موبائل فونز برآمد کیے۔ ایس ایس پی کے مطابق شہریوں کے یہ موبائل فونز وارداتوں کے دوران چھینے گئے، چوری ہوئے یا گم ہوگئے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رواں سال اب تک کروڑوں روپے مالیت کے موبائل فونز برآمد کرکے شہریوں کو واپس کیے جا چکے ہیں اور یہ اقدامات عوامی خدمت کے عزم کا عملی ثبوت ہیں۔ موبائل فونز کی واپسی پر درخواست گزار شہریوں نے پولیس کی کاوشوں کو سراہا۔